ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھوشن اسٹیل کے سابق ایم ڈی نیرج سنگھل کی ضمانت برقرار

بھوشن اسٹیل کے سابق ایم ڈی نیرج سنگھل کی ضمانت برقرار

Wed, 05 Sep 2018 00:43:14    S.O. News Service

نئی دہلی ،04؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے ذریعہ بھوشن اسٹیل لمیٹڈ کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر نیرج سنگھل کو ضمانت دینے کے حکم کو برقرار رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے معاملہ کو سماعت کے لئے اپنے پاس منتقل کردیا ہے۔گذشتہ 30 اگست کو سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس (ایس ایف آئی او) کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

ایس ایف آئی او نے نیرج سنگھل کی ضمانت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔گذشتہ 29 اگست کو ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ایس ایف آئی او نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے۔ گزشتہ 24 اگست کو ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نیرج سنگھل کو گرفتار کرنے کے لئے سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس (ایس ایف آئی او) کے ذریعہ استعمال میں لائے گئے عمل پر سوال اٹھائے تھے۔

عدالت نے کہا تھا کہ ایس ایف آئی او نے گرفتار کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا۔ نیرج سنگھل کوسیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس (ایس ایف آئی او) نے 8 اگست کو گرفتار کیا تھا۔ سنگھل پر الزام ہے کہ انہوں نے بھوشن اسٹیل کے بینک اکاؤنٹ سے مختلف 2000 کروڑ روپے مختلف کمپنیوں میں استعمال کئے ہیں۔ کارپوریٹ وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں ان پیسوں کے ذریعے فرضی لون حاصل کرتی تھیں اور مختلف جگہوں پر سرمایہ کاری کرتی تھیں۔ بھوشن اسٹیل پر 44 ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے۔ اس کمپنی کو ٹاٹا اسٹیل نے ٹیک اوور کر لیا ہے۔ 


Share: